جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر پولیس کا چھاپہ، داماد، نواسہ اور ملازمین گرفتار
ملتان میں سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مار کر داماد اور نواسے سمیت کئی ملازمین کو گرفتار کر لیا۔
جاوید ہاشمی نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ رات ایک بجے پنجاب پولیس کے بیسیوں اہلکاروں نے مخدوم رشید کے علاقے میں میری رہائش گاہ کا محاصرہ کیا۔ غیرقانونی طور میرے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے وارنٹ کے بغیر اندر داخل ہوگئے۔
انہوں نے لکھا کہ میرے داماد شاہد بہار ہاشمی اور نواسے قاسم ہاشمی کو غیرقانونی طور پر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ جاوید ہاشمی نے اپنی پوسٹ میں اپنی رہائش گاہ پر ہونے والی مبینہ توڑ پھوڑ کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر یہ چھاپہ تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کے دوران مارا گیا ہے جس میں مہر بانو قریشی اور زین قریشی کو بھی شرکت کرنا تھی۔ چھاپے کے دوران گرفتار ہونے والے زاہد بہار ہاشمی آزاد امیدوار ہیں۔
یاد رہے دو روز پہلے جاوید ہاشمی نے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ البتہ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ وہ کسی کے حق میں نہیں لیکن الیکشن سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنا سیاسی وزن تحریک انصاف کے پلڑے میں ڈالتے ہیں اور الیکشن سے دستبردار ہوتے ہیں۔