ایران کی فضائی کارروائی پر ردِعمل پورے خطے اور بھارت کے لیے پیغام تھا: نگراں وزیرِ اعظم

  • ہفتہ 27 / جنوری / 2024

پاکستان کے نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران کی فضائی کارروائی پر جس ردِعمل کا اظہار کیا وہ پورے خطے خاص طور پر بھارت کے لیے پیغام تھا۔

نگراں وزیرِ اعظم نے یہ بات نجی نیوز چینل 'سما نیوز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ واضح رہے کہ رواں ماہ پاکستان اور ایران کے درمیان صورتِ حال اس وقت کشیدہ ہوگئی تھی جب ایران نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں عسکریت پسند گروہ جیش العدل کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ پاکستان نے جوابی کارروائی میں ایران میں عسکریت پسند گروپس بی ایل اے اور بی ایل ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

پاکستان کے نگراں وزیرِ اعظم نے یہ بات ایک ایسے وقت کہی ہے جب ایران اور پاکستان نے اپنے باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کی ہے۔ دونوں ممالک نے رواں ہفتے اپنے سفیروں کو دوبارہ واپس بھیجنے کے بعد معمول کے تعلقات بحال کر لیے ہیں جب کہ ایران کے وزیرِ خارجہ آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان نے ایران کی طرف سے پاکستان میں کی جانے والی کارروائی کے ردعمل میں جو مظاہرہ کیا وہ صرف ایران کے لیے بلکہ تمام خطے کے لیے پیغام ہے کہ اس خطے میں پاکستان کے دوست اور دشمن موجود ہیں۔ وزیرِاعظم سے پوچھا گیا کہ آپ نے خطے میں کس کو پیغام دیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ ہم نے بھارت کو پیغام دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کی طرف سے کوئی ایسی کارروائی ہوتی ہے تو اس کے ردِعمل میں اسی طرح جواب دیا جائے گا۔