ایران میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 9 پاکستانی شہری قتل

  • ہفتہ 27 / جنوری / 2024

ایران میں پاک ایران سرحدی علاقے بمپشت سروان میں نامعلوم مسلح افراد نے 9 پاکستانی شہریوں کو قتل کردیا۔ نامعلوم مسلح افراد نے پاک ایران سرحد کے قریب فائرنگ کرکے 9 پاکستانیوں کو قتل اور تین کو زخمی کردیا۔

تمام پاکستانیوں کو بلوچستان کے شمالی علاقوں سے ملحقہ سرحد پار سروان میں قتل کیا گیا اور واقعہ گزشتہ شب ایران کے سرحدی علاقے سیرکان میں پیش آیا۔ واقعے میں جاں بحق دو افراد کی شناخت عثمان اور اشفاق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مارے گئے دیگر 7 افرد کی شناخت کے بارے کوئی معلومات دستیاب نہیں۔

ذرائع کے مطابق ایران میں قتل کیے گئے 5افراد کا تعلق علی پور کے مختلف علاقوں سے ہے اور لواحقین کے مطابق شہید پاکستانی ایران میں مزدوری کا کام کرتے تھے۔ ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سراوان میں 9 پاکستانیوں کے ہولناک قتل پر گہراصدمہ ہے، پاکستانی سفارت خانہ سوگوارخاندانوں کی مکمل مدد کرے گا اور پاکستانی قونصلر جائے واقعہ اور زخمیوں سے ملنے ہسپتال گئے تھے۔ انہوں نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستانیوں کے قتل کے واقعے پر تحقیقات میں تعاون کرے۔ ابھی تک کسی بھی گروپ یا تنظیم نے واقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے کہ جب پاک ایران حالیہ کشیدگی میں کمی اور مفاہمت کے بعد گزشتہ روز ہی پاکستان اور ایران کے سفرا اسلام آباد اور تہران میں اپنے اپنے سفارت خانوں میں پہنچ گئے تھے۔