مچھ جیل پر کالعدم بی ایل اے کا حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک

  • منگل 30 / جنوری / 2024

بلوچستان کے ضلع بولان میں سیکیورٹی فورسز نے مچھ جیل پر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔

حملہ آوروں نے جیل کے مرکزی دروازے اور باؤنڈری وال پر راکٹ برسائے۔ حملے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور ایک بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے کی اطلاعات پہلے ہی مل گئی تھیں۔ جس کے بعد سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی گھات میں تھیں۔

ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی طرف سے مؤثر جواب کے نتیجے میں دہشت گرد بوکھلا کر پسپا ہو گئے۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور بچے سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

قبل ازیں گزشتہ شب مچھ جیل پر راکٹ حملوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد مچھ سمیت کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔ سپرٹینڈنٹ سلیم ترین کے مطابق مچھ میں راکٹ گرنے سے جیل کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ عمارت، قیدی اور عملہ محفوظ ہیں جبکہ جیل کے اطراف میں فورسز مکمل الرٹ ہیں۔

بی بی سی اردو کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں گزشتہ شب ہونے والے حملے کے باعث کوئٹہ شہر سے ملک کے دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ کوئٹہ میں محمکہ ریلویز کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ کوئٹہ سے براستہ لاہور اور راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس کے علاوہ کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔