مچھ، کولپور میں حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 24 دہشت گرد ہلاک

  • جمعہ 02 / فروری / 2024

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کولپور میں دہشت گردوں کے حملے پسپا کرتے ہوئے گزشتہ تین روز کے دوران سرچ آپریشن میں 24 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر حملے کیے جنہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادری سے پسپا کیا۔ دہش گرد حملے 29 اور 30 جنوری کی رات کیے گئے۔ گزشتہ تین روز میں 24 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں میں شہزاد بلوچ، عطااللہ، عبدالودود، ذیشان اور ان کا ماسٹر مائنڈ شامل ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران مارے گئے دیگر دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ دیگر شہدا میں دو عام شہری بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ 4 روز قبل بلوچستان کے ضلع بولان میں سیکیورٹی فورسز نے مچھ جیل پر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا تھا۔ حملہ آوروں نے جیل کے مرکزی دروازے اور باؤنڈری وال پر راکٹ برسائے تھے۔ حملے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور ایک بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ بعد میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی کلیئرنس آپریشن متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔