غیر شرعی نکاح کیس فیصلے کی حمایت کرنا مشکل ہے: بلاول بھٹو
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کیس کے فیصلے پر کہا ہے کہ ’میرے لیے اس کی حمایت کرنا مشکل ہے‘۔
حیدر آباد میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں اتنا آگے نہیں جانا چاہیے۔ نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ غیر شرعی نکاح کیس کے اس نتیجے کی حمایت کرنا مشکل ہے۔ واضح رہے کہ دورانِ عدت نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح عدت نکاح کیس پر میڈیا رپورٹنگ کی جارہی ہے، میں اس کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ماضی میں کی گئی کوششوں پر بھی اس فیصلے سے منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
علاوہ ازیں حیدرآباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ایک جماعت حیدرآباد میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہے۔ آپ نے ووٹ کی طاقت سے ان کی نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا ہے۔ جو سیاسی جماعتیں ہمارا مقابلہ کرنا چاہتی ہیں عوام ان کی اصلیت اور ماضی سے متعلق جانتے ہیں، ہمارے مخالفین نفرت، تشدد کی سیاست کرنا جانتے ہیں، ان لوگوں نے 90 کی دہائی میں ہمارے شہر کے ساتھ کیا کیا سب جانتے ہیں۔