ایک اپوزیشن جماعت کو ’مجرم‘ قرار دے کر شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے: الہان عمر
امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر نے پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے صاف، شفاف اور منصفانہ انعقاد پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک بیان میں الہان عمر نے کہا کہ ایسے وقت میں پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہو ہی نہیں ہو سکتے جب کہ اپوزیشن پارٹیوں میں سے کسی ایک جماعت کو مجرم قرار دیا گیا ہو۔ میں نے اور میرے ساتھیوں نے نومبر میں پاکستان میں انسانی حقوق کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔ الہان عمر نے کہا انسانی حقوق سے متعلق ’حالات مزید خراب ہو گئے ہیں‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں امریکی کانگریس کے 11 ارکان نے امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کو ایک خط میں بائیڈن انتظامیہ پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان کے لیے مستقبل میں امریکی امداد اس وقت تک روک دیں جب تک ملک میں آئینی نظام بحال نہیں ہو جاتا اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات نہیں ہوجاتے۔