ڈیرہ اسمعٰیل خان میں دہشتگردوں کا تھانے پر حملہ، 10 اہلکار شہید

  • سوموار 05 / فروری / 2024

خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمعٰیل خان کی تحصیل درابن میں تھانہ چودہوان پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

ریجنل پولیس آفیسر نے حملے کی تصدیق کی ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد میں محض 3 روز باقی رہ گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ رات 3 بجے کے قریب دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے تھانہ چودہوان پر حملہ کیا۔ پولیس اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان ڈھائی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہوگئے۔ زخمی پولیس اہلکاروں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈا پور نے خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 30 سے زائد دہشت گردوں نے 3 اطراف سے حملہ کیا۔ اڑھائی گھنٹے سے زائد وقت تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

حملہ آوروں نے رات گئے حملے کے دوران مختصر وقت تک پولیس اسٹیشن کا کنٹرول اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ درابن میں پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ملک انیس الحسن نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ تھانے میں داخل ہونے کے بعد عسکریت پسندوں نے دستی بموں سے حملہ کیا جس سے پولیس کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔

پولیس لائن سے بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تھانہ چودہوان کی حدود میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کرنے پر نگران وزیراعظم نے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور حملے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ریٹائرڈ) سید ارشد حسین شاہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ جسٹس (ریٹائرڈ) سید ارشد حسین شاہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے حملے کی مذمت اور 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گرد ملک کے امن اور استحکام کے دشمن ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے متعدد حملوں کے سبب سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔