صاف شفاف الیکشن کے انعقاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: نگران وزیر داخلہ

  • منگل 06 / فروری / 2024

نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کوشش ہے کہ تمام پاکستانی آزادی سے حق رائے دہی استعمال کریں۔

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ سندھ میں ایسی صورتحال نظر نہیں آئی کہ سیاسی جماعتوں میں دشمنی ہو۔ بلوچستان میں پولنگ اسٹیشنز کے درمیان کافی فاصلہ ہے، صوبے میں تمام امیدوار ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو غیرمستحکم کرنے والی قوتوں سے خطرہ ہے، سکیورٹی کے لیے پولیس اور آرمڈ فورسز موجود ہیں۔ نگران سیٹ ایپ نے اپنی ذمہ داری پوری کردی۔ کوشش ہے کہ انتخابی عمل میں کوئی جانی نقصان نہ ہو اور تمام پاکستانی آزادی سے حق رائے دہی استعمال کریں۔

انہوں نے کہ کہ صاف و شفاف الیکشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ 20 ہزار 985 پولنگ اسٹیشنز حساس ہیں۔ نارمل پولنگ اسٹیشنز پربھی سکیورٹی کے کڑے انتظامات ہوں گے۔

اس موقع پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن سے متعلق کئی افواہیں پھیلائی گئیں۔ آئین کے تحت یہ ملک منتخب نمائندے ہی چلائیں گے۔ انتخابات پُرامن طریقے سے ہوں گے۔ عام انتخابات میں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

اس دوران میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دولت مشترکہ سے پاکستان میں انتخابات کا مشاہدہ کرنے والے مبصرین کے وفد سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت نے شفاف اور پر امن انتخابات منعقد کروانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے اور تمام مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔