انٹرنیٹ بند ہونے سے ہمارے سسٹم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا: چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ بند ہونے سے ہمارے سسٹم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر او نے رات 2 بجے تک نتیجہ جاری کرنا ہے تاہم نتائج 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کو حتمی پولنگ اسکیم جاری ہوتے ہی اپنا ووٹ چیک کرلینا چاہیے تھا۔ سیکورٹی خدشات کے باعث بند موبائل سروس کی بحالی کے احکامات دینا ہمارا مینڈیٹ نہیں۔ الیکشن کمیشن پہلے کی طرح مضبوط ہے۔
سکندر سلطان راجا نے کہا کہ موبائل سروس معطلی کی خبریں میڈیا پر دیکھیں۔ انٹرنیٹ بند ہونے سے ہمارے سسٹم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے۔ انتخابات صاف و شفاف ہوں گے۔ ووٹر اپنی مرضی کے امیدوار کو آزادی سے ووٹ ڈالیں۔ انتخابات قومی فریضہ ہے ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے 2 واقعات ہوئے ہیں اور لوگ شہید ہوئے ہیں۔ امن و امان کے اداروں نے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ ہے۔ کمیشن اپنی سفارشات دے سکتا ہے مگر کمیشن کو مداخلت نہیں کرنی چاہیئے۔ ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس بحالی کے لیے ہدایت نہیں دیں گے۔