عام انتخابات 2024 کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، ووٹوں کی گنتی شروع

  • جمعرات 08 / فروری / 2024

ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات 2024 کے لیے جاری پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مطالبے کے باوجود پولنگ کے وقت میں توسیع کرنے سے انکار کردیا تھا۔ صبح 8 بجے شروع ہونے والا عمل بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہا۔ ملک بھر سے 12 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 49 رجسٹرڈ ووٹرز تھے۔

مجموعی طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی 855 نشستوں پر ملک بھر میں 17 ہزار 758 امیدوار میدان میں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے پولنگ کے وقت میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باضابطہ درخواست جمع کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم الیکشن کمیشنر سکندر سلطان راجہ نے اسے سکیورٹی سے متعلق معاملہ قرار دیتے ہوئے اس درخواست کو قبول نہیں کیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پانچ بجے پولنگ سٹیشنز کے دروازے بند کر دیے جائیں گے اور مقررہ وقت کی معیاد نہیں بڑھائی جائے گی۔ پولنگ سٹیشنز کے اندر موجود ہیں وہ ووٹ ڈال سکیں گے۔

ووٹ ڈالنے کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مخلوط حکومت نہیں ہونی چاہیے بلکہ ایک جماعت کو پورا مینڈیٹ ملنا ضروری ہے۔ نوازشریف اور ان کی صاحبزادی پارٹی کی چیف آگنائزر مریم نواز نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128لاہور میں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار عون چوہدری کے حق میں اپنے ووٹ ڈالا۔

ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عوام گھروں سے نکلیں ووٹ کاسٹ کریں۔ نواز شریف نے کہا کہ قوم کو دیے گئے گالی گلوچ کلچر کا خاتمہ ہوگا۔ لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں آئیں گی، مہنگائی کا خاتمہ ہوگا۔ پاکستان کے لوگ خوشحال زندگی بسر کرسکیں گے۔ یہی لوگوں کا خواب ہے جسے شرمندہ تعبیر ہونا چاہیے۔

عام انتخابات 2024 کے موقع پر خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان اور بلوچستان کے ضلع خاران میں دہشت گردی کے 2 الگ الگ واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 6 اہلکار شہید جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق مقامی پولیس کے سربراہ رؤف قیصرانی نے بتایا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان ضلع کے علاقے کلاچی میں گشت پر مامور پولیس وین کو بم دھماکے اور فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس میں 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ اس حملے سے کچھ دیر قبل ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

دوسری جانب، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز ’ کے مطابق بلوچستان میں پاکستان لیویز کے اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع خاران کے علاقے لجا ٹاؤن میں ایک دھماکا ہوا، جس میں ہمارے 2 جوان شہید اور 9 زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دستی بم حملوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں لیکن پولنگ متاثر نہیں ہوئی جب کہ ان حملوں میں کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔