حکومت سازی سے متعلق ن لیگ، پی ٹی آئی اور دیگر سے کوئی باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ لاہور میں اُن کی حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن سمیت کسی سیاسی جماعت سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
اتوار کو نجی چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 'ابھی تک پاکستان پیپلز پارٹی کی کوئی باضابطہ گفتگو نہ ن لیگ کے ساتھ، نہ پی ٹی آئی کے ساتھ اور نہ کسی اور سیاسی جماعت کے ساتھ ہوئی ہے۔'
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ پہلے تمام حلقوں کی گنتی پوری ہوجائے اور نتائج سامنے آجائیں۔ انتخابات سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا تھا۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں یہ فیصلہ تبدیل کرنا ہے تو ہم ایک بار پھر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو بُلا کر سب مل کر اتفاق کے ساتھ یہ فیصلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک میں سیاسی اتفاق قائم کرنے کی کوشش کی جائے کیونکہ ان کے نزدیک بغیر اتفاق قائم کیے کوئی بھی حکومت ڈلیور نہیں کرپائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ آزاد ہمارے رابطے میں ضرور ہیں لیکن پی ٹی آئی کے بلاک کے ساتھ ہمارا اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔