غیر معمولی حالات میں پر امن الیکشن کا انعقاد بڑی کامیابی ہے: انوار الحق کاکڑ

  • سوموار 12 / فروری / 2024

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ غیر معمولی حالات کے باوجود پر امن انتخابات کا انعقاد نگران حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انتخابات کے پر امن انعقاد پر سیکیورٹی فورسز سمیت تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ چیلنجز کے باوجود جمہوری عمل کا تسلسل خوش آئند ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو اب بھی دہشتگردی کا سامنا ہے۔ پاکستان دفاعی طور پر مستحکم اور ذمہ دار ملک ہے۔ انہوں نے عام انتخابات کے نتیجے میں جاری احتجاج کے حوالے سے کہا کہ پر امن احتجاج سب کا حق ہے۔ مگر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ الیکشن نتائج کی دوڑ میں صحیح اور غلط نتیجے کو بھی نہیں دیکھا جاتا۔

انہوں نے  بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ووٹوں کی گنتی میں کئی کئی دن لگ جاتے ہیں۔ ہمارے پاس 36 گھنٹے میں الیکشن کے نتائج مرتب ہوگئے تھے۔ ملک بھر میں 92 ہزار پولنگ اسٹیشنز تھے، ان پولنگ اسٹیشنز سے ریٹرننگ افسر کے آفس تک نتائج آنے میں ٹائم لگتا ہے۔ یہاں تو صرف چند گھنٹوں بعد ہی کہہ دیا گیا کہ نتائج تبدیل ہوگئے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ کہیں نتائج میں بے قاعدگی ہوئی  ہو مگر نتائج میں تاخیر کا مطلب دھاندلی نہیں ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کو ڈھاکہ بنانے کی باتیں انتہائی بے ہودہ ہیں۔ ہم اپنے شہریوں کی زندگیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ دہشت گردی خطرات کے باوجود پُرامن انتخابات کا انعقاد ہوا۔ انارکی پھیلانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے۔