الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

  • جمعرات 15 / فروری / 2024

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 لاہور سے استحکام پاکستان پارٹی  کے رہنما عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹفکیشن واپس لے لیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجا کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ 12 فروری کا این اے 127 میں عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن میں زیر التوا سلمان اکرم راجا کی درخواست کو قانون کے مطابق سن کر فیصلہ کریں گے۔ ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ غلطی الیکشن کمیشن سے ہوئی، اس وجہ سے نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔

عدالت عالیہ نے ڈی جی لا کے بیان کے بعد سلمان اکرم راجا کی درخواست نمٹا دی۔