تحریک انصاف نے عمر ایوب کو وزیر اعظم اور میاں اسلم کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کردیا

  • جمعرات 15 / فروری / 2024

تحریک انصاف نے وزیر اعظم کے علاوہ  بلوچستان اور پنجاب کے لیے وزیر اعلیٰ کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر اعظم کے لیے پارٹی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب کو نامزد کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کا پیغام یہی ہے کہ ہم وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔ عدلیہ سے اسی لیے درخواست کی ہے کہ 70 حلقوں پر جلد سے جلد فیصلہ ہو۔

وزرائے اعلیٰ کے لیے عمران خان کی جانب سے فائنل کے لیے گئے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے وزیراعلیٰ کے امیدوار میاں اسلم اور بلوچستان میں وزیر اعلیٰ کے امیدوار سالار صاحب ہوں گے۔

خیبر پختونخوا میں ابھی صرف اسپیکر کا فیصلہ ہوا ہے جہاں خان صاحب نے اسپیکر کے امیدوار کے لیے عاقب اللہ کو نامزد کیا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر اور سینٹر میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا نام پرسوں تک آپ کے سامنے رکھیں گے۔

اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا تھا کہ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار عمر ایوب ہوں گے۔ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے امیدوار عاقب خان ہوں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر سیف کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کو وزیراعظم کے لیے نامزد کر رہے ہیں۔ امید ہےقومی اسمبلی میں ہمارا وزیراعظم آئےگا۔