پنجاب اور سندھ اسمبلی کے اجلاس طلب کرلیے گئے

  • جمعرات 22 / فروری / 2024

گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔ جبکہ سندھ اسمبلی کا اجلاس بھی طلب  کرلیا گیا ہے۔

ڈان نیوز‘ کے مطابق گورنر پنجاب کو لا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری ارسال کی گئی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے اسمبلی اجلاس کی سمری پر دستخط کر دیے جس کے بعد اسمبلی اجلاس کل صبح 10 بجے ہوگا۔ اجلاس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف لیں گے۔

 ملک میں عام انتخابات کے بعد سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس 24فروری کو طلب کرلیا گیا ہے۔ اس میں نو منتخب ارکان اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ اسمبلی کا اجلاس صبح 11 بجے ہوگا اور اسپیکر اسمبلی ارکان سے حلف لیں گے۔ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے سمری گورنر کو بھجوا دی گئی ہے۔

نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد اسپیکر نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کا شیڈول دیں گے۔ کاغذات فائنل ہونے کے بعد ایک دن کے وقفے سے انتخاب ہوگا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے منتخب ہونے کے بعد نو منتخب اسپیکر وزیراعلیٰ کے انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے۔