پنجاب اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اُٹھا لیا، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل ہوگا
پاکستان کے صوبے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے نومنتخب اراکینِ اسمبلی نے جمعے کو حلف اُٹھا لیا ہے۔ اسمبلی کے سیکریٹری کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہفتہ کو ہوگا۔
صوبائی اسمبلی میں کیے گئے اعلان کے مطابق سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب سے قبل امیدواران اپنے کاغذتِ نامزدگی آج شام پانچ بجے سے پہلے اسمبلی کے سیکریٹری کے پاس جمع کروائیں گے۔ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل بھی آج ہی مکمل کیا جائے گا۔ اسمبلی کے سیکریٹری کے مطابق سنیچر کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے تحت ہوگا۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب اراکین کی جانب سے نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کے بعد کارروائی کو ملتوی کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما اعظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ آج لگ رہا ہے کہ سپیکر صاحب اپوزیشن کے کنٹرول میں ہیں۔ اسمبلی میں ابھی تک کارروائی غیر قانونی ہوئی ہے۔ جب تک ممبران حلف نہ لے لیں بات نہیں کی جاسکتی۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج دس بجے شروع ہونا تھا۔ اعظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سبطین خان رولز اوپن کرلیں اور پڑھ لیں کہ پہلے اجلاس میں حلف سے پہلے کچھ نہیں ہوسکتا۔ سپیکر صاحب ٹی پارٹی پر نہیں آئے ان کو حلف لینا پڑے گا اوراگر وہ حلف نہیں لیتے تو گورنر کسی اور ممبر کو کہہ سکتے ہیں کہ وہ حلف لے۔