پیپلز پارٹی کے اویس قادر شاہ سندھ اسمبلی کے 12ویں اسپیکر منتخب
پیپلزپارٹی کے سید اویس قادر 111 ووٹ لے کر سندھ اسمبلی کے 12ویں اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں، جس کے بعد انہوں نے سندھی زبان میں حلف اٹھا لیا۔
سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 147 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ اویس قادر شاہ نے 111 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کی مدمقابل ایم کیو ایم کی صوفیہ شاہ کو 36 ووٹ ملے۔ سندھ اسمبلی میں آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری تھا، پہلے مرحلے میں اسپیکر کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا ہے۔
اسپیکر آغا سراج درانی کی زیرِصدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 11 بجے شروع ہوا، ایوان کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نومنتخب صوبائی اراکین، جو اب سنی اتحاد کونسل کے اراکین ہیں، نے سندھ اسمبلی میں حلف اٹھایا۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب ارکان اسمبلی سے سے حلف لیا۔
گزشتہ روز صوبائی مقننہ کا افتتاحی اجلاس اور حلف برداری کی تقریب ہوئی لیکن یہ نومنتخب ارکان اجلاس کے دوران موجود نہیں تھے۔ آج سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب سے قبل ان سے حلف لیا گیا۔ جماعت اسلامی کے رہنما محمد فاروق نے بھی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے ساتھ حلف اٹھایا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آج کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ صوبائی اراکین نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف نعرے لگائے اور سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے لیے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لینے سے انکار کردیا۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ بلال خان جتوئی نے اس عمل کو ’دھوکا دہی پر مبنی الیکشن‘ قرار دیا۔
جب پیپلزپارٹی کے اعجاز سواتی کو ووٹ ڈالنے کے لیے بلایا گیا تو قانون سازوں نے ’لوٹا لوٹا‘ کے نعرے بھی لگائے۔ اعجاز سواتی، جنہوں نے پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور جیتا تھا، حال ہی میں پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
نومنتخب اسپیکر نے حلف اٹھانے کے بعد کہا کہ پیپلز پارٹی کو کامیاب کرانے پر سندھ کے عوام کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عہدے کے لیے نامزد کرنے پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو، آصف زرداری، فریال تالپور کا شکر گزار ہوں۔
سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ غیرجانبدار رہ کر عہدے پر کام کروں گا، تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلوں گا، ماضی میں جو کچھ ہوا اسے بھول کر نئی شروعات کریں۔