مریم نواز نے پنجاب کے اور مراد علی شاہ نے سندھ کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا

  • سوموار 26 / فروری / 2024

مریم نواز شریف نے پنجاب کے وزیراعلیٰ اور مراد علی شاہ نے سندھ کے وزیر اعلٰ کا حلف اٹھا لیا ہے۔ ان دونوں کو صوبائی اسمبلیوں کے اجلاسوں میں صوبے کی وزارت اعلیٰ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

 مریم نواز سے گورنر بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس میں حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں مریم نواز کے والد سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے چچا سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں مریم نواز کے خاندان کے افراد، میڈیا کے نمائندوں، سفارتکاروں اور ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

منتخب ہونے کے بعد مریم نواز  نے کہا کہ موٹر وے پر جلد ائیر ایمبولینس سروس شروع کریں گے۔ ان کے مطابق آبادی میں بیماریوں کی سکریننگ کی جائیں گی۔ نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’کسی خاتون کو ہراساں کرنا مریم نواز کی ریڈ لائن ہے۔‘  ٹرانسجینڈر کے لیے بھی خصوصی پیکج بنا رہی ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ اقلیتیں ہمارے سروں کا تاج ہیں اور اقلیتوں کے لیے محفوظ پنجاب دیکھنا چاہتی ہوں۔

سندھ کے نو منتخب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اسمبلی سے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا ہے کہ ان انتخابات میں کچھ نشستوں پر ہمارے بھی خدشات ہیں مگر ہم قانونی رستہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی سلامتی کے ساتھ نہیں کھیلیں گے، ہم کسی کو یہ موقع نہیں دیں گے کہ وہ ہماری کمزوریوں کو فائدہ اٹھائے۔

ان کے مطابق ہم کوشش کریں گے کہ جو سیٹیں ہم سے گئی ہیں وہ ہمیں واپس ملیں، مگر اس ملک کے مفاد ہماری ترجیح اول ہیں۔ مراد علی شاہ کے مطابق خدشات کے باوجود عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا اور ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ نشستیں دیں۔