آرمی چیف کی اے ایس پی شہربانو نقوی سے ملاقات، خاتون کو بحفاظت نکالنے کی تعریف

  • بدھ 28 / فروری / 2024

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اچھرہ بازار لاہور میں عربی حروف تہجی والا لباس پہننے والی خاتون کو مشتعل ہجوم سے بحفاظت نکالنے والی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف لاہور پولیس شہربانو نقوی سے ملاقات کی اور بے یقینی کی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر ان کی تعریف کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے شہربانو نقوی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت کے مظاہرے پر اے ایس پی شہربانو کی تعریف کی۔ شہربانو کی مشتعل ہجوم سے خاتون کو بحفاظت نکالنے اور غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا کہ خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ پاکستانی خواتین نے قابلیت، استقامت اور عزم سے خود کو ممتاز کیا ہے۔ خواتین کااحترام مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔

بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے موجود ہیں، تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔

یاد رہے کہ 25 فروری کو صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے کاروباری علاقے اچھرہ میں عربی حروف تہجی والا لباس پہننے پر مشتعل ہجوم نے خاتون پر توہین مذہب کا الزام لگایا، خاتون پولیس افسر کی بروقت کارروائی نے صورتحال کو نہ صرف بگڑنے سے بچایا بلکہ خاتون کو بھی مشتعل ہجوم سے بحفاظت نکال لیا تھا۔