شورشرابے میں اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھالیا
16ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شورشرابہ اور ہنگامہ آرائی کے دوران نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ اس کے بعد اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا۔
اراکین اسمبلی کی حلف برداری اور رول آف ممبرز پر دستخط کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کی کارروائی آگے بڑھانے کی کوشش کی اور رہنما تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب، بیرسٹر گوہر اور رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف کو ایوان سے خطاب کا موقع دیا۔ تاہم خواجہ آصف کی تقریر کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین کا شور شرابہ جاری رہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین کو خاموش کرانے کی کوشش کی۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اس اسمبلی کا پہلا دن ہے، اچھی روایات قائم کریں۔ آج آپ شور شرابا کررہےہیں۔ کل آپ کی بات پر شور ہوگا۔ شور شرابا ہوا تو کوئی بات نہیں کرسکےگا، یہ پاکستان کی قومی اسمبلی ہے۔ بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں کہا کہ یہ ایوان نامکمل ہے۔
اس دوران وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخاب کا شیڈول جاری ہوگیا ہے۔ وزیراعظم کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 2 مارچ بروز ہفتہ دن 2 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اسی دن سہ پہر 3 بجے تک عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعظم کا انتخاب 3 مارچ بروز اتوار کو ہوگا۔
پاکستان کے نومنتخب اراکینِ اسمبلی اتوار تین مارچ کو ملک کے نئے وزیرِاعظم کا انتخاب کریں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ سے جاری نوٹیفیکیشن میں لکھا گیا ہے کہ اتوار کو منعقد ہونے والے اجلاس میں اراکینِ قومی اسمبلی ایک مسلمان رُکن کو بطور وزیرِاعظم منتخب کریں گے۔ وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے امیدواران کو کاغذات نازمزدگی 2 مارچ تک جمع کروانے ہوں گے اور ان کی جانچ پڑتال بھی اسی دن تین بجے ہو گی۔
خیال رہے پاکستان مسلم لیگ ن نے وزارتِ اعظمیٰ کے منصب کے لیے شہباز شریف کے نام کا اعلان کیا ہے جنہیں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ ان کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے عمر ایوب کے نام کا اعلان کیا ہے جو کہ سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوار ہوں گے۔ پاکستان کا وزیرِاعظم بننے کے لیے امیدواروں کو قومی اسمبلی میں کم سے کم 169 ووٹ درکار ہوں گے۔
جمعرات کو سپیکر کے عہدے پر انتخاب لڑنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق اور پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں جنہیں منظور کر لیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ اور پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوار جنید اکبر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب جمعہ یکم مارچ کو ہوگا۔
جمعرات کو قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں 302 اراکین نے حلف اُٹھایا ہے۔