ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی کا حلف اٹھالیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی کا حلف اٹھالیا۔ راجا پرویز اشرف نے نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق سےعہدے کاحلف لیا۔
سبکدوش ہونے والے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ بطور اسپیکر زندگی کا تاریخی موقع ارکان سے حلف اٹھانا تھا۔ انہوں نے اجلاس کی صدارت کے دوران کہا کہ بطور اسپیکر فرائض احسن طریقے سے انجام دینےکی کوشش کی۔
اس سے پہلے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایاز صادق اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے تھے۔ گنتی مکمل ہونے کے بعد سبکدوش ہونے والے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اعلان کیا کہ سردار ایاز صادق 199 ووٹ لیے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے ملک عامر ڈوگر کو 91 ووٹ ملے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے کل 291 ووٹ ڈالے گئے جبکہ ایک مسترد ہو گیا۔ واضح رہے کہ ایاز صادق 2008 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ جبکہ وہ 2013 میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کوشکست دے کر رکن قومی اسمبلی بنے تھے۔
اسپیکر منتخب ہونے پر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اسپیکرشپ کے لیے اعتماد کرنے پر پارٹی قیادت اور اتحادی رہنماؤں سے اظہار تشکر کرتا ہوں۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اعتماد پر سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، چوہدری شجاعت حسین، متحدہ قوومی موومنٹ کے خالدمقبول صدیقی اور دیگر کا بھی شکرگزار ہوں۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ تیسری بار اسپیکر کاعہدہ ملنے پر نواز شریف کا شکرگزار ہوں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جمہوری عمل میں حصہ لینے پر سنی اتحاد کونسل کے عامر ڈوگر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، عامر ڈوگر مجھے بھائی کہتےہیں، میں انہیں بڑا بھائی بن کردکھاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کےدیگرارکان سے بھی میرا ایک رشتہ ہے۔ حکومت، اپوزیشن گاڑی کے دو پہیے ہیں۔ سیاست میں تلخیاں آگئی ہیں، جو پاکستان کے لیے نقصان دہ ہیں۔ کوشش ہوگی حکومت اور اپوزیشن میں تفریق نہ کروں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے رہنما اور اسپیکر کا انتخاب لڑنے والے عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اگرفارم 45 کے مطابق نتیجہ آتا تو میرے ووٹ 225 ہوتے۔ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سنگل پارٹی اور آپ7جماعتیں ہیں ہم سے 80 سیٹیں ہم سےچھینی گئیں۔