صدارتی انتخاب میں محمود اچکزئی سنی اتحاد کونسل کی طرف سے آصف زرداری کے مدمقابل ہوں گے
صدارتی انتخاب کے لیے پیپلزپارٹی کی جانب سے امیدوار آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے امیدوار محمود خان اچکزئی کے کاغذات جمع کرادیے گئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدارتی انتخاب کے لیے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائے۔ آصف زرداری کے تجویز کنندہ مراد علی شاہ جبکہ ناصر حسین شاہ تائید کنندہ ہیں۔
دوسری جانب سنی اتحاد کونسل نے صدارتی انتخاب کے لیے محمود خان اچکزئی کے کاغذات اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادیے۔ محمود خان اچکزئی کے کاغذاتِ نامزدگی رہنما تحریک انصاف لطیف کھوسہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے۔ علاوہ ازیں عبدالقدوس اعوان نے بھی آزاد حیثیت سے صدارتی امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
قبل ازیں صدارتی الیکشن کے لیے آصف زرداری کے کاغذات اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی جمع کروادیے گئے تھے۔ آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے رہنما پیپلزپارٹی فاروق ایچ نائیک اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تھے۔
قبل ازیں سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا گیا تھا۔ ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بھی محمود اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دی۔
پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی تصدیق کر دی۔
واضح رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن 9 مارچ کو کرانے کا اعلان کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے صدارتی الیکشن کے لیے جاری کردہ شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج دن 12 بجے تک جمع کروائے جاسکتے تھے۔ کاغذات نامزدگی کی اسکرونٹی کا عمل 4 مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 5 مارچ کو واپس لیے جاسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 6 مارچ کو شائع کی جائے گی جبکہ صدارتی انتخاب 9 مارچ کو ہوگا۔ آئین کے مطابق صدارتی انتخاب کا ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر ہوتا ہے۔