شہبازشریف نے 24ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا
نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تقریبِ حلف برداری ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی۔ صدر مملکت عارف علوی نے نومنتخب وزیراعظم سے عہدے کا حلف لیا۔
تین صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما ایوان صدر پہنچے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس، اعلیٰ بیوروکریٹس اور سفرا وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت ہوئے۔ سبکدوش نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف، شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوئے۔
حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مسلح افواج کا چاق وچوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری کے لیے وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور نگران وزیراعظم کو دعوت نامے جاری کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز (3 مارچ کو) قومی اسمبلی میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے۔ انتخابی عمل میں شہباز شریف نے 201 جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف کوگارڈ آنرپیش کیا گیا۔ مختلف ممالک کے سفیر بھی اس تقریب میں شریک تھے۔ بعد ازاں شہباز شریف سے وزیر اعظم ہاؤس کے عملے کا تعارف بھی کروایا گیا۔