صدراتی انتخاب میں آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی کا ون ٹو ون مقابلہ ہوگا
الیکشن کمیشن نے صدراتی انتخاب کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کردی ہے۔ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور رہنما پشونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی ’ون ٹو ون‘ مقابلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدارتی الیکشن کے لیے آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست بھی جاری کردی ہے۔ صدارتی اتخابات کے لیے پولنگ 9 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی۔
بلوچستان عوامی پارٹی نے صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جہاں وفد نے صدر مملکت کے امیدوار آصف زرداری کی حمایت کی درخواست کی۔
حکومتی کمیٹی میں خورشید شاہ، نوید قمر، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف شامل تھے۔ اس کے علاوہ اسحٰق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور دیگر اراکین بھی وہاں موجود تھے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں صدارتی انتخابات 9 مارچ کو منعقد کیے جائیں گے۔ صدارتی انتخابات کے لیے آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی مد مقابل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے صدارتی امیدوار و رہنما پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے ایم اے پی) محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی وفد میں اسد قیصر، عمر ایوب اور اور جنید اکبر شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور صدارتی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔