محمود اچکزئی نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کردی
سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے الیکشن کمیشن سے صدارتی انتخاب کے التوا کرنے کی درخواست کی ہے۔
محمود اچکزئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدارتی انتخابات کے لیے الیکٹورل کالج نامکمل ہے اور ابھی مخصوص نشستیں بھی رہتی ہیں۔
خط کے مطابق مخصوص نشستوں کے بغیر صدارتی انتخابات کرانا آٓئین و قانون کے خلاف ہے۔ مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہوئے بغیر الیکٹورل کالج پورا نہیں ہوگا۔ مخصوص نشستوں کے معاملے پر سنی اتحاد کونسل نے عدالت سے بھی رجوع کررکھا ہے۔ معاملے پر عدالت سے حق میں فیصلہ آنے کی امید ہے۔
درین اثنا سندھ ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی تین مخصوص نشستوں کے ووٹوں کو صدارتی انتخابات میں نہ گننے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن، ایم کیوایم، پیپلز پارٹی اور دیگر سے 28 مارچ کو جواب طلب کرلیا۔ سنی اتحاد کونسل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ سندھ اسمبلی کی ان کی مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دے دی گئی ہیں۔
سنی اتحاد کونسل نے جن نشستوں کا دعویٰ کیا ہے کہ ان پر گزشتہ روز پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے اراکین نے حلف اٹھایا ہے۔