ملکی سالمیت، خودمختاری کے دفاع کیلئے بھرپور طریقے سے تیار ہیں: آرمی چیف

  • ہفتہ 09 / مارچ / 2024

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حمایت سے اپنی مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے رحیم یار خان کے قریب فیلڈ مشقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پورا دن جوانوں کے ساتھ گزارا۔ اس دوران انہوں نے ٹینک، انفنٹری، آرٹلری ایئرڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا مشاہدہ کیا۔  کور کمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ’شمشیر صحرا‘ مشقوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافہ اور مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاری ہے۔ آرمی چیف نے ٹینک، انفنٹری، آرٹلری ایئرڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا مشاہدہ کیا۔

مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا، الیکٹرانک وارفیئرکی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا۔ آرمی چیف نے تربیتی معیارات، آپریشنل تیاریوں اور تمام رینک کے اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔

اس موقع پرآرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حمایت سے اپنے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔