آصف علی زرداری دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہوگئے
پاکستان کے نومنتخب صدر آصف زرداری کل ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کے بعد آصف زرداری 14ویں صدر مملکت کی حیثیت سے عہدہ سنبھالیں گے۔
اس سے پہلے حکمران اتحاد کے امیدوار آصف زرداری صدارتی انتخاب میں کامیاب ہو کر دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہو گئے تھے۔ صدارتی انتخاب میں پارلیمنٹ ہاؤس سے آصف زرداری کو 255ووٹ ملے۔ جبکہ محمود خان اچکزئی کو 119ووٹ ملے۔ ایک ووٹ مسترد ہوا۔
صدر کے انتخاب میں پنجاب اسمبلی سے حکمران اتحاد کے امیدوار آصف زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔ آصف علی زرداری نے پنجاب اسمبلی سے 246ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود اچکزئی100ووٹ حاصل کر سکے۔ ایوان میں آصف زرداری کو حاصل برتری پر پنجاب اسمبلی کا ہال جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔
سندھ اسمبلی میں حکومتی اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف زرداری کو 151 ووٹ ملے۔ سندھ اسمبلی سے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی کو 9 ارکان اسمبلی نے ووٹ دیا۔ سندھ اسمبلی میں صدارتی انتخاب کے لیے 161 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ایک مسترد ہوا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی سے محمود خان اچکزئی کو 91 اور آصف علی زرداری کو 17 ووٹ ملے۔ خیبرپختونخوا سے صدارتی انتخابات میں مجموعی طور پر 109 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔ جمعیت علمائے اسلام نے صدارتی انتخابی عمل سے بائیکاٹ کیا اور ان کے 9 اراکین نے ووٹ نہیں ڈالا۔
بلوچستان اسمبلی میں 47 ووٹ آصف علی زرداری کے حق میں استعمال ہوئے۔ صوبائی اسمبلی کے 62 اراکین میں سے 47 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے جبکہ 15 ارکان غیرحاضر تھے۔