محمد اورنگزیب کی وزیرخزانہ تعیناتی مثبت اقدام ہے: بلوم برگ

  • منگل 12 / مارچ / 2024

بلوم برگ نے محمد اورنگزیب کی بطور وزیرخزانہ تعیناتی کو مثبت اقدام قرار دیا ہے۔ امریکی جریدے میں کہا گیا ہے کہ محمد اورنگزیب کو وزارت خزانہ کے لیے دیگر امیداروں اسحاق ڈار اور شمشاد اختر پر ترجیح دی گئی ہے۔

ان کی تقرری سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ٹیکنوکریٹس کے ذریعے ملکی معیشت کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔ بلوم برگ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا اصلاحات کے لیے حوالے سے ریکارڈ ہے اور ان کے آنے سے عالمی مالیاتی ادارے سے پیکج ملنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کی تیسری 1.1 ارب ڈالر کی قسط اور 6 ارب ڈالر کے نئے قرض پروگرام کے لیے رواں ماہ مذاکرات کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ شوکت عزیز اور شوکت ترین کے بعد محمد اورنگزیب وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز ہونے والے تیسرے بینکر ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک کے نئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انتہائی ضروری اصلاحات کے نفاذ پر توجہ مرکوز کرنے اور معیشت کو بحران سے نکالنے کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کرنے کو اپنا واحد ایجنڈا قرار دیا ہے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نئے معاہدے کی ضرورت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی ٹیم کم از کم 6 ارب ڈالر مالیت کا خاطر خواہ قرض حاصل کرنے کے لیے 3 سال کے نئے انتظامات کے لیے بات چیت شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ پیکج کی صحیح رقم کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ اس نئے معاہدے کے لیے بات چیت شروع کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف پروگرام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے اہم مذاکرات کیلئے جلد رسمی درخواست کرے گا۔  ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ رواں مالی سال مشکل ثابت ہوگا۔ پاکستان کے آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول مذاکرات رواں ہفتے شروع ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے استعمال کریں گے۔ ادھر وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اور نگزیب کی زیر قیادت پاکستان کا وفد 15 سے 20 اپریل تک امریکا کا دورہ کرے گا۔ وفد میں وزیر خزانہ کے ہمراہ گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور سینئر حکام بھی شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاکستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کی درخواست منظور کرلی جب کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نجی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔