کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، وکلا سے بھی ملاقاتیں بند کر دی گئی ہیں: عمران خان

  • بدھ 13 / مارچ / 2024

پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیل کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔ میری وکلا سے ملاقاتیں تک بند کر دی گئی ہیں۔ سب کچھ جھوٹ پر چل رہا ہے۔ اداروں کی ساکھ ختم کر دی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے عمران خان نے گفتگو کی جس کی تصدیق وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا نے اس سماعت میں موجود دو صحافیوں سے بھی کی ہے۔ اڈیالہ جیل میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف مقدمات کی سماعت کو دیکھنے کے لیے بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے منگل کو اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر دو ہفتوں کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔ پنجاب کے محکمۂ داخلہ نے سیکیورٹی خدشات کے سبب راولپنڈی میں اڈیالہ جیل، میانوالی، اٹک اور ڈی آئی خان جیل کی انتظامیہ کو سخت حفاظتی انتظامات کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اس اعلامیے میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر دو ہفتوں کے لیے پابندی کا ذکر کیا گیا ہے۔ راولپنڈی پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی نے چند روز قبل اڈیالہ جیل پر حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کے موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کو سیکیورٹی تھریٹ لاحق ہونے کا کہا جا رہا ہے۔ لیکن یہ بھی جھوٹ ہے۔ ان کے بقول سارا ملک جھوٹ پر چل رہا ہے جب کہ ادارے تباہ ہو چکے ہیں۔ تحریکِ انصاف کو انتخابات میں میدان میں نہیں آنے دیا گیا۔ الیکشن والے دن ووٹر نے ان سے بدلہ لیا۔ لیکن ووٹ کے ذریعے آنے والی تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا گیا۔

سابق وزیرِ اعظم کے بقول مینڈیٹ چھین کر قوم کی امید ختم کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تمام پیش گوئیاں درست ثابت ہوئی ہیں۔ اب بتا رہا ہوں پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے والا رہا ہے۔ مہنگائی میں اضافہ ہو گا اور عوام باہر نکل آئیں گے۔

فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا الزام دہراتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔ پی ٹی آئی کا الیکشن میں دھاندلی کے خلاف پُر امن احتجاج بھی جاری رہے گا۔

رواں ماہ پاکستان کے ایوانِ بالا کے انتخابات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں پھر پیسہ چلنے والا ہے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن  انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تردید کرتا ہے۔ الیکشن کمیشن کا یہ مؤقف رہا ہے کہ دھاندلی سے متعلق شکایات کے لیے الیکشن ٹربیونلز اور عدالتیں موجود ہیں۔

بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ترجمانوں کو جیل سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہدایات مل رہی ہیں۔ واضح رہے کہ راولپنڈی میں واقع اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت ہوئی۔ اس کیس کو مقامی میڈیا میں190 ملین پاؤنڈ ریفرنس بھی کہا جاتا ہے۔

کیس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ سماعت میں استغاثہ کے مزید تین گواہان کی شہادتیں قلم بند کی گئیں۔ بعد ازاں احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی۔