سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے 4 امیدوار کامیاب
صوبہ سندھ، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے ایوان بالا (سینیٹ) کی 6 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے جہاں یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے 4 امیدوار سینیٹ نشستوں پر کامیاب ہوگئے ہیں۔
سینیٹ کے لیے اسلام آباد کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی جبکہ سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ان کے مدمقابل امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔ ارکان قومی اسمبلی نے یوسف رضا گیلانی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
قومی اسمبلی میں مجموعی طور پر 301 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 9 ووٹ مسترد ہوگئے۔ اس کے علاوہ سندھ کی نشستوں کے لیے سندھ اسمبلی میں 124 ووٹ کاسٹ ہوئے اور ایک ووٹ مسترد ہوگیا۔ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو 57 اور جام سیف اللہ 58 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے۔ سنی اتحاد کونسل کی شازیہ سہیل اور نذیر اللہ کو 4، 4 ووٹ ملے۔
بلوچستان اسمبلی سے سینیٹ کی 3 نشستوں کے نتائج بھی آگئے ہیں۔ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے قدوس بزنجو 23، مسلم لیگ (ن) کے دوستین ڈومکی 17 اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے شکور غیبزئی 16 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔ سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں بلوچستان کی 3 نشستوں پر 7 امیدوار تھے جبکہ بلوچستان اسمبلی میں پولنگ کے دوران 62 میں سے 61 ارکان نے ووٹ ڈالے۔
یہ نشستیں آئین کے آرٹیکل 223 کے تحت خالی ہوئی تھیں جو واضح طور پر دوہری رکنیت پر پابندی عائد کرتا ہے۔ آرٹیکل کی ذیلی دفعہ 4 کے تحت اگر پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کے دونوں ایوانوں کا کوئی رکن دوسری نشست کے لیے امیدوار بنتا ہے (جسے وہ اپنی پہلی نشست کے ساتھ برقرار نہیں رکھ سکتا) تو کسی دوسرے ایوان کی نشست کے لیے انتخاب جیتنے کے ساتھ ہی اس کی پہلی نشست خالی ہو جاتی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے 29 فروری کو ملتان سے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے کے بعد رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھایا تھا اور قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو ووٹ دیا تھا۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان طے شدہ پاور شیئرنگ فارمولے کے مطابق انہیں سینیٹ کا اگلے چیئرمین بنایا جائے گا۔
اگرچہ اس بات کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں ہوا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نئے تشکیل شدہ 8 جماعتی حکمران اتحاد کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے امیدوار ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کسی نے بھی ان کے خلاف کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے ہیں، جس سے اِن دعوؤں کی تصدیق ہوتی ہے۔