عمران خان کو لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے دو مقدمات میں بری کر دیا گیا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف 2022 کے دوران لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ سے متعلق دو مقدمات میں بریت کی درخواست منظور کر لی ہے۔
اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے ان کیسز کی سماعت کی جس میں وکلا نعیم پنجوتھا پیش ہوئے۔ عمران خان کے ترجمان برائے قانونی امور نعیم پنجوتھا نے ایکس پر کہا کہ ’آج ہم نے 25 مئی لانگ مارچ کے دو مقدمات میں عمران خان کو بری کروا دیا ہے۔‘
عمران خان کے خلاف درج دو مقدمات نمبر 593 تھانہ لوئی بھیر اور مقدمہ نمبر 462 تھانہ سہالہ آج زیر سماعت تھے۔ کیسز کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے کی۔ ان دونوں کیسز میں بریت کی درخواست پر عمران خان کی طرف سے میں نے دلائل دیے۔ اور عدالت نے آج ان دو مقدمات میں عمران خان کو مقدمے سے باعزت بری کر دیا ہے۔ تفصیلی آرڈر بعد میں جاری کیا جائے۔
نعیم پنجوتھا نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ عمران خان نے پُرامن احتجاج کیا تھا جس پر ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔ دوران سماعت عدالت سے عمران خان کی پیشی کی درخواست کی جس پر جج نے جواب دیا کہ اگر انہیں کچھ ہوجاتا ہے تو کون ذمہ دار ہوگا۔ یوں عدالت نے سابق وزیراعظم کو پیش کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق دوران سماعت جج شائستہ کنڈی نے سوال کیا کہ کیا اس سے پہلے بھی بانی پی ٹی آئی مقدمات میں بری ہوچکے ہیں جس پر وکیل نعیم پنجوتھا نے عدالت کو بتایا کہ اس سے قبل بھی انھیں بعض مقدمات میں بریت ملی ہے۔