سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر علی نقوی کو برطرف کردیا گیا

  • بدھ 20 / مارچ / 2024

وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر علی اکبر نقوی کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ صدر مملکت نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر علی اکبر نقوی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے جس کا اطلاق 10 جنوری 2024 سے ہو گا۔

نیوٹیفکیشن کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارشات پر آئین پاکستان کے آرٹیکل 209(6) اور 48(1) کے ساتھ ساتھ رولز آف بزنس 1973 کے شیڈول 5(بی) کے تحت فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس کی جانب سے ریفرنس بھیجے جانے اور اس کا جواب دیے جانے کے بعد ایک طویل کارروائی کے بعد سابق جج مظاہر علی اکبر نقوی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

انہوں کہا تھا ’میرے لیے ان حالات میں بطور جج کام جاری رکھنا ممکن نہیں ہے‘ لیکن ان کے مستعفی ہونے کے باوجود ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ 27 اکتوبر کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی سپریم جوڈیشل کونسل نے اکثریتی بنیاد پر سپریم کورٹ کے اس کے وقت کے جج مظاہر علی اکبر نقوی کو مس کنڈکٹ کی شکایت پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور 14 روز میں جواب طلب کرلیا تھا۔