گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا گیا

  • بدھ 20 / مارچ / 2024

گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر بی ایل اے کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا اور فائرنگ کرتے ہوئے اندر گھسنے کی کوشش کی تاہم جوابی کارروائی میں تمام آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق آج گوادر پورٹ اتھارٹی پر بلوچ لبریشن آرمی  کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ فائرنگ کی اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ حملے کو ناکام بنانے کے لیے فورسز نے جوابی کارروائی کی۔ بھاری نفری طلب کرلی، دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ آپریشن کے دوران گوادر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے سبب دہشت گردوں کا سیکیورٹی کمپلیکس میں گھسنے کا منصوبہ ناکام ہوگیا اور جوابی فائرنگ میں تمام آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مطابق گوادر شہر میں فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا۔ دس سے زائد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جائے وقوع سے دھؤاں بھی اٹھتا ہوا دکھائی دیا۔ اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ  گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔

کمشنر مکران ڈویژن سید عمرانی کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد تین سے چار ہے۔ ان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں اہم سرکاری دفاتر ہیں۔ اس کمپلیکس میں واپڈا، الیکشن کمیشن کے علاوہ سکیورٹی سے متعلقہ اداروں کے دفاتر بھی ہیں۔

گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں فائرنگ اور دھماکے سنے گئے جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔