پاکستان پر حملوں کی منصوبہ بندی میں افغان طالبان کے ملوث ہونے کی ویڈیو منظرعام پر
افغان طالبان کی دہشت گردوں کے ساتھ مل کر پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں خودکش بمبار کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ”افغانستان کے علاقے ڈانگر الگد میں حافظ گل بہادر گروپ کے دہشتگردوں کو تحریک طالبان افغانستان (ٹی ٹی اے) کا کمانڈر یحییٰ ہدایات دے رہا ہے کہ ہم پاکستان سے بدلہ لینے کے لیے تیار ہیں اور آپ نے پاکستانی پوسٹوں پر حملہ کرنا ہے۔
ٹی ٹی اے کمانڈر کہہ رہا ہے کہ ’منصوبے کے مطابق 6راکٹ چلانے والے ہوں گے اور 6 ان کے معاونین ، اسی طرح 2لیزر والے ہوں گے اور 2 ان کے ساتھ معاونین جبکہ ایک بندہ اسنائپر والا بھی ہو گا‘۔ یہ سب مجاہدین امیر المومنین شیخ عباداللہ کے احکامات پر تیار ہیں۔
پاکستان میں داخلے کیلئے تیار تشکیل کو ضابطہ سمجھانے اور زخمیوں کو پیچھے نہ چھوڑنے کی ہدایات بھی دی جا رہی ہیں جبکہ دہشتگرد پاکستان کے خلاف لڑنے پر رضامندی کا اظہار کر رہے ہیں۔
یہ و یڈیو اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ٹی ٹی اے پاک افغان سرحد سے سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔