ججوں کا خط چارج شیٹ ہے، عمران خان کے خلاف فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں: بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کے خط پر سپریم کورٹ لارجر بینچ تشکیل دے کر سماعت کرے۔ یہ ججز کا خط نہیں، چارج شیٹ ہے۔
اسلام آباد میں رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے خط میں مداخلت سے آگاہ کیا۔ ہائی کورٹ کے چھ ججز دباؤ سے متاثر ہوئے، ججز کو پریشر میں لانے کا ایک ہی مقصد تھا جو ججز نے خط میں لکھا۔
انہوں نے کہا کہ ججز نے خط میں لکھا کہ سیاسی مقدمات میں مداخلت کی گئی۔ عمران خان کے خلاف جتنے کیسز کے فیصلے آئے وہ اس خط کے بعد ختم ہوگئے۔ یہ پی ڈی ایم حکومت کا کارنامہ تھا۔ ان ہی حالات میں دو سو مقدمات بنائے گئے۔ عمران خان کے خلاف جو ٹرائل ہوئے ہیں، وہ متاثر ہوئے ہیں۔ تمام فیصلے کالعدم ہیں۔ عدلیہ عمران خان کے خلاف تمام فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں اور عمران خان کو فوری رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وکلا تنظیمیں ہمییشہ ججز کے تحفظ اور عدلیہ کی آزادی کے لیے برسر پیکار رہتی تھیں، گذشتہ دو برس سے وکلا سیاست بھی متاثر نظر آئی۔ اپنے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر عدلیہ کی آزادی کے لیے ایک ہو جائیں۔ ہم عدلیہ کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری قوم آپ کے پیچھے کھڑی ہو گی۔ تحریک انصاف کا ہر کارکن آپ کے پیچھے کھڑا ہوگا۔ لارجر بینچ آج ہی تشکیل دیا جائے اور اس خط پر سماعت کی جائے۔‘
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ جن ججز نے خط لکھا ہے ان کی اوران کے اہل خانہ کی حفاظت کی جائے۔