امریکی صدر کا نئی پاکستانی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار

  • جمعہ 29 / مارچ / 2024

امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام ایک خط میں نو منتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

خط میں امریکی صدر نے لکھا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے۔ صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔ امریکا اور پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گا۔

خط میں صدر جو بائیڈن نے بتایا کہ امریکا پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا اور ہم پاکستان کے ساتھ مل کرانسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا یہ پہلا خط ہے۔

صدر بائیڈن کی جانب سے یہ خط ایسے وقت میں لکھا گیا ہے جب حال ہی میں امریکی کانگریس میں پاکستان سے متعلق سماعت کے دوران الیکشن میں بے ضابطگیوں کی شکایات کے ازالے پر زور دیا گیا تھا۔ امریکی معاون وزیرِ خارجہ برائے وسطی و جنوبی ایشیائی اُمور ڈونلڈ لو نے سماعت کے دوران مبینہ سائفر لیک کے معاملے کو جھوٹ قرار دیا تھا۔

انتخابات کے بعد امریکی کانگریس کے بعض ارکان نے صدر بائیڈں کو خط بھی لکھا تھا جس میں زور دیا گیا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کے ازالے تک پاکستان کی نئی حکومت کو تسلیم نہ کیا جائے۔