وزیر اعظم نے تمام وزارتوں کے اہداف مقرر کیے ہیں: عطا تارڑ

  • اتوار 31 / مارچ / 2024

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ معاشی مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وزارتوں کو طویل اور قلیل مدتی اہداف دیے ہیں۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چند دن پہلے تحریری طور پر تمام وزارتوں کو اہداف کا دستاویز ارسال کر دیا تھا۔ اس میں قلیل مدتی اور طویل مدتی دونوں اہداف شامل ہیں۔ وزارتوں سے کارکردگی کے حوالے سے باقاعدہ جواب لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان اہداف میں مہنگائی میں کمی، برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری وغیرہ شامل ہیں۔ اخراجات کم ہوں، تیل کی کھپت میں کمی لائی جائے، روپیہ مستحکم ہو، یہ سب آپس میں منسلک ہیں۔ طویل مدت میں ریلیف بڑھے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں تین فیصد کمی جون تک ہوجائے گی۔ وزارت خزانہ کو یہ ہدف دیا گیا ہے کہ مہنگائی اور بیروز گاری میں کمی کرنی ہے جبکہ آئی ایم ایف کے معاملات کو مکمل کرنا ہے اور قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کرنی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے جلد ایک رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی۔

ایکس کی بندش سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے تمام پلیٹ فارمز ایکس، فیس بک، ٹک ٹاک، انسٹاگرام کے دفاتر پاکستان میں کھولے جائیں۔ اس سے روابط آسان ہوتے ہیں، نوکریاں پیدا ہوتی ہیں۔ اِن مسائل کا حل موجود ہے، تمام مسائل حل ہوں گے۔