بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے: وزیر دفاع

  • ہفتہ 06 / اپریل / 2024

پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ کسی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بھارت نے کوئی غلطی کی تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔

پاکستانی وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے انڈین وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’آج سے کُچھ سال پہلے انہوں (انڈیا) نے پلوامہ میں گھس کر کُچھ کرنے کی کوشش کی تھی اور اُس کا کیا انجام ہوا تھا۔ خیرات میں ہم نے ان کا پائلٹ واپس کیا تھا۔ اب پھر کوشش کرکے دیکھ لیں جو پہلے ان کے ساتھ ہوا تھا اب بھی بالکل ویسا ہی ہوگا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی حکمران جماعت اور اُن کے رہنما یہ سب باتیں صرف الیکشن میں کامیابی کے لیے کر رہے ہیں۔ پاکستان یہ نہیں چاہتا کہ دونوں مُلکوں کے درمیان حالات کشیدہ ہوں یا خطے کا امن خراب ہو۔ یہ اس بات کی تصدیق ہے کہ انڈیا اب بھی پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور ان کی سر پرستی کرتا رہا ہے اور کر رہا ہے۔

بعد ازاں ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا کے وزیرِ دفاع کی جانب سے سامنے آنے والے پاکستان مخالف بیانات کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔  انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انڈیا پاکستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے دعویٰ کی تصدیق کر دی ہے کہ انڈیا پاکستان میں ان کارروائیوں کی پشت پناہی کرتا رہا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’جس طرح کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف انڈیا کے وزیرِ دفاع کی جانب سے کیا گیا ہے وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ کسی بھی مُلک کے اندر کوئی دوسرا مُلک اُن کے شہری کو نشانہ نہیں بنا سکتا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر دفاع نے مودی سرکار کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی حماقت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چند سال قبل بھارت نے پاکستان میں گھس کر کارروائی تو کیا انجام ہوا ہم نے بھارت کا جہاز گرایا۔ پائلٹ کو خیرات میں واپس کیا، دوبارہ ایسی کوشش کی تو وہی جواب دیں گےجو پہلے دیا تھا۔

بھارت ہمسایہ ممالک کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کرتا ہے۔ بھارت میں اتنی جرات نہیں کہ براہ راست حملہ کرے۔ راج ناتھ الیکشن مہم کی وجہ سے بڑکیں مار رہے ہیں۔ الیکشن کےچکرمیں بھارت ایسی حرکت نہ کربیٹھےجس کااسےخمیازہ بھگتنا پڑے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حال ہی میں انڈین ٹی وی نیوز نیٹ ورک نیوز 18 کو انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’اگر کسی بھی پڑوسی ملک سے کوئی دہشت گرد بھارت میں خلل ڈالنے یا یہاں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی کوشش کرے گا تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ اگر وہ بھاگ کر پاکستان جائے گا تو پاکستان میں گھس کر ماریں گے‘۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح کر دیا ہے کہ یہ پالیسی ’بالکل درست‘ ہے اور ’بھارت میں ایسا کرنے کی صلاحیت ہے، پاکستان بھی اسے سمجھنا لگا ہے۔

راج ناتھ سنگھ کے ریمارکس 4 اپریل کو برطانوی اخبار دی گارڈین میں شائع ہونے والی رپورٹ کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ 2020 سے اب تک پاکستان میں کم از کم 20 افراد کو بھارتی انٹیلی جنس اہلکاروں کے کہنے پر قتل کیا گیا۔ حالانکہ  بھارت نے برطانوی اخبار کے دعوؤں کو مسترد کیا تھا۔

دی گارڈین کی جانب سے جمعہ کو شائع ہونے والی رپورٹ بعد یہ پہلا موقع ہے کہ راج ناتھ سنگھ نے اس بات کا اعتراف کیا بھارت نے غیر ملکی سرزمین میں اپنی ایجنیسوں کے ذریعے شہریوں کا قتل کیا ہے۔