بلوچستان میں زائرین کا ٹرک کھائی میں گرنے سے 17 افراد جاں بحق
صوبہ بلوچستان کے ضلع حب میں زائرین سے بھرا ٹرک کھائی میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ شاہ نورانی جانے والا زائرین کا ٹرک ویراب کے قریب کھائی میں جا گرا۔ حادثے کے وقت ٹرک میں 100 سے زائد زائرین سوار تھے۔ حادثے کا شکار کئی زائرین ٹرک تلے دب گئے جس سے بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں کم از کم 17 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو مختلف پرائیویٹ گاڑیوں میں حب کی جانب منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ایدھی کی ایمبولینس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی جس نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
مسافروں کا تعلق صوبہ سندھ کے علاقے ٹھٹہ سے ہے جو زیارت کے لیے شاہ نورانی جا رہے لیکن ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا۔ ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام 17 افراد مرد ہیں جبکہ زخمیوں کو حب کے سول ہسپتال منتقل کیا جائے گا جس کے بعد انہیں کراچی لایا جائے گا۔
حادثہ شاہ نورانی سے 20 کلومیٹر اور حب سول ہسپتال سے 40 کلومیٹر کی مسافت پر پیش آیا اور حب سول ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ ٹرک کے نیچے بھی کچھ مسافروں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور بھاری مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے حب حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا، انہوں نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں ہمدردیاں زائرین کےلواحقین کے ساتھ ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے زائرین کی گاڑی کو پیش آئے ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کی۔