وزیر اعظم سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

  • منگل 16 / اپریل / 2024

وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ سعودی وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری انجینئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت انجینیئر عبدالرحمن بن عبدل محسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلٰی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔

وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحق ڈار سمیت وفاقی وزرا شریک ہوئے۔ اجلاس میں تمام وزرا نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا، سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز، سولر پراجیکٹس اور کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی۔ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہء پاکستان خوش آئند ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ پاکستان سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔ پاکستان، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ نئے انتظام کے تحت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پہلے مرحلے کو تیز کرنے کے لیے دونوں فریقوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اس کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار اور ایس آئی ایف سی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام اداروں کے تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔

بعد ازاں صدرآصف علی زرداری سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی ملاقات ہوئی جہاں پاکستان اور سعودی عرب نے مضبوط شراکت داری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینےکے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں، ہم موجودہ تعلقات کو طویل المداتی تزویراتی، اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتے ہیں۔