فلسطین کواقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کا وقت آ گیا ہے: پاکستان

  • جمعہ 19 / اپریل / 2024

پاکستان اقوام متحدہ میں فلسطین کی رکنیت کی قرار داد کو امریکا کی جانب سے ویٹو کرنے پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ نے سلامتی کونسل میں فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کی قرارداد مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دوریاستی حل کے لیے فریقین کو باہم مذاکرات کرنے چاہئیں۔

پاکستانی دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کا وقت آگیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے فلسطینی رکنیت کی قرارداد کو ویٹو کرنے پر افسوس ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ  75 سال سے ظلم و جبر کا شکار فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دینا ان کے حق خود ارادیت کی تصدیق ہوگی اور تاریخی انصاف ہوگا۔ فلسطینی عوام کا حق ہے کہ وہ 4 جون 1967 کی جغرافیائی حدود کے مطابق خود مختار اور آزاد ملک میں رہیں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔