ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے بیشتر نشستیں جیت لیں

  • سوموار 22 / اپریل / 2024

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ غیر حتمی نتائج کے مطابق 21 قومی اور صوبائی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اکثر نشستوں پر کامیاب ہوگئی ہے۔

اتوار کو ملک بھر میں ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بھی لگائے گئے۔ اس موقع پر پنجاب اور بلوچستان کے مخصوص اضلاع میں موبائل فون سروس بھی عارضی طور پر معطل رہی، اور تشدد کے متعدد واقعات ہوئے جس کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کا ایک کارکن نارووال پولنگ اسٹیشن کے باہر جاں بحق ہوگیا۔

قومی اسمبلی کے لیے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہوئے۔ صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوا، ان میں پنجاب اسمبلی کی 12 جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فارمز 47 کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے پنجاب سے 2 جبکہ سنی اتحاد کونسل اور آزاد امیدوار نے خیبرپختونخوا سے ایک ایک نشست حاصل کی۔ پیپلز پارٹی نے سندھ سے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔

پنجاب میں مسلم لیگ (ن) نے 10 صوبائی نشستیں حاصل کیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) ایک نشست پر کامیاب ہوئی۔ خیبرپختونخوا میں ایک، ایک نشست سنی اتحاد کونسل اور آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) اور بلوچستان نیشنل پارٹی- مینگل نے ایک ایک صوبائی نشست جیتی، اس کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پی بی 50 سے ایک صوبائی نشست بھی جیت لی، جہاں دوبارہ پولنگ ہوئی تھی۔

سندھ میں این اے 196میں پیپلز پارٹی بھاری مارجن سے کامیاب ہوئی۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف  نے ضمنی الیکشن کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے جمعے کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ کل ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن، انتخابات نہیں تھے، ایک ڈھونگ رچایا گیا۔