غزہ کے معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہیں: ایرانی صدر

  • منگل 23 / اپریل / 2024

 ایرانی صدر ابراہیم رئیسی لاہور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مزارِ اقبال پر حاضری دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مہمان ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں ایرانی صدر مزار اقبال حاضری دینے پہنچے جہاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ment

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اس موقع پر کہا کہ میں چاہتا تھا کہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتا لیکن وجوہات کی بنا پر ایسا نہیں ہو سکا۔ میں پاکستان کے عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں اور پاکستان کے عوام کو ایرانی سپریم کمانڈر کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں۔

صدر ابراہیم رئیسی نے  کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت بہت اہم ہے۔ ان کی الہامی صلاحیت نے باطل قوت اور استعمار کے خلاف کھڑا ہونا سکھایا۔ ایران کے عوام اور پاکستان کے عوام کے درمیان انسیت کا رشتہ پایا جاتا ہے۔  غزہ سے  متعلق معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہیں۔ غزہ کی جنگ میں فلسطین کی فتح ہوگی۔

ایرانی صدر وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ نصف دن لاہور میں گزار کر کراچی کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں گزشتہ شب سے سکیورٹی انتظامات اور ٹریفک پلان کے تحت تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

ایرانی صدر کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرنے کے بعد کل واپس تہران روانہ ہو جائیں گے۔ اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد کی لاہور اور کراچی آمد کے موقع پر دونوں شہروں میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ سرکاری و نجی اداروں سمیت اسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں میں بھی چھٹی کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات اور تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے کئی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

بعد ازاں ایرانی صدر کے اعزاز میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے تقریب کا اہتمام تھا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔