جنوبی وزیرستان میں تعینات سیشن جج کو اغوا کرلیا گیا

  • ہفتہ 27 / اپریل / 2024

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں تعینات سیشن جج شاکراللہ مروت کو اغوا کرلیا گیا۔ خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا کہ سیشن جج شاکر اللہ مروت ٹانک سے ڈیرہ اسمٰعیل خان جارہے تھےکہ مسلح افراد نے ڈیرہ روڈ بھگوال سے انہیں اغوا کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق جاتے ہوئے نامعلوم مسلح اغواکاروں نے سیشن جج کے ڈرائیور کو چھوڑ دیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، تاحال سیشن جج کو بازیاب کرانے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

وزیرستان میں تعینات سیشن جج شاکر اللہ مروت کے اغوا پر وزیراعلیٰ نے نوٹس لے کر آئی جی کو بازیاب کرانے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ سیشن جج وزیرستان کو ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سنگم سے نامعلوم افراد نے اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور اپنے ہمراہ لے گئے۔

پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے سیکیورٹی گارڈ کو رہا کرکے جج کی گاڑی کو نذر آتش کردیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے اعلی حکام موقع پر پہنچے اور داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی۔