بشام میں چینی انجینئرز بس حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے 4دہشتگرد گرفتار
محکمہ انسداد دہشت گردی نے بشام میں چینی انجینئرز کی بس پر خودکش حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ حملے کا مرکزی ملزم عادل شہباز ہے جس کا تعلق جلال آباد افغانستان سے ہے۔
عادل شہباز سمیت واقعے میں ملوث تمام ملزمان محمد شفیق قریشی، زاہد قریشی اور نذیرحسین مانسہرہ کے رہائشی ہیں۔ عادل شہباز نے کالعدم ٹی ٹی پی سے منسلک ہونے اور حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بشام واقعہ کی تحقیقات میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ چینی انجینئرز کے قافلے پر حملے میں کالعدم ٹی ٹی پی ملوث نکلی۔ ترجمان سی ٹی ڈی پشاور کے مطابق جے آئی ٹی نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے گروہ کا پردہ فاش کردیا۔ حملے میں ملوث چار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا جنہوں نے چینی قافلے پر حملے کا اعتراف کرلیا ۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ مارچ میں چینی انجینئرز کے قافلے پر بشام کے قریب حملہ ہوا تھا جو کہ اسلام آباد سے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جارہا تھا۔ دھماکے سے چینی قافلے کو لے جانے والی بس 150 فٹ گہری کھائی میں جاگری تھی ۔ اس واقعہ میں 5 چینی شہری اور پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہوئے تھے۔