پیپلز پارٹی وفاقی حکومت میں شامل ہوگی
پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پیپلزپارٹی کا یہ فیصلہ 2 صوبوں میں گورنر کے عہدوں کے لیے اپنے رہنما نامزد کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے 2 صوبوں کی گورنرشپ لینے کے بعد وفاقی حکومت کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا جب کہ فیصلے کے تحت اسے 8 وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرمین شپ پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا دعوٰی ہے کہ 2 وزارتیں سندھ، 2 بلوچستان اور باقی 4 وزارتیں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں کو دی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں وفاقی وزارتیں لی جائیں گی جب کہ دوسرے مرحلے میں وزیر مملکت بنائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختونخوا اور سلیم حیدر کو گورنر پنجاب کے عہدوں کے لیے نامزد کیا تھا۔ ڈان نیوز سے غیر رسمی گفتگو میں راجا پرویز اشرف نے فیصل کریم کنڈی اور سلیم حیدر کو گورنرز نامزد کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل کریم کنڈی اور سلیم حیدر دونوں پارٹی کے ورکرز ہیں۔
گورنرز کی نامزدگی کے حوالے سے خبریں سامنے آنے سے قبل وزیر اعظم شبہاز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ملاقات ہوئی تھی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز کی تعیناتی پر بھی مشاورت کی گئی تھی۔ وزیراعظم آفس کے ذرائع نے بتایا کہ یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات تھی جس میں دونوں صوبوں کے گورنرز کی نامزدگی کا معاملہ زیر بحث آیا۔