عام معافی دے کر آگے بڑھا جائے: علی امین گنڈا پور
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلی اور پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بااختیار طاقتیںں عام معافی کا اعلان کرکے آگے بڑھیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا لیڈر ہمارے دلوں میں موجود ہے، نہ خود کسی کے سامنے جھکیں گے، نہ قوم کو جھکنے دیں گے۔ ہمارے لیڈر کے ظرف کی وجہ سے زبان بند ہے اگر زبان کھول دی تو پھر کسی کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم کسی کےساتھ لڑنا نہیں چاہتے ملک کی خوشحالی اور ترقی چاہتے ہیں۔
اس ملک کی فوج بھی ہماری، پولیس بھی ہماری، عدلیہ بھی ہماری اور عوام بھی ہمارے ہیں۔ ہمارا لیڈر عوام اور اس ملک کے لیے جیل میں ہے۔ اداروں کو کہتے ہیں کہ وہ خود کو سیاست سے دور رکھیں۔
انہوں نے نو مئی کے بعد کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ جو ظلم کیا گیا اس کی پہلے مثال نہیں ملتی۔ ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ جو کیا گیا ان کی معافی کون مانگے گا۔
ہم نے حکومت میں آتے ہی سب کو معاف کر دیا۔ ہمارے لیڈر کو رہا کرو اور ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کا مینڈیٹ واپس کرو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ہمارے لیڈران اور کارکنان پر ناجائز مقدمات ختم نہیں کئے جاتے اور ان کو رہا نہیں کیا جاتا ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔