9 مئی کے منصوبہ سازوں کے ساتھ کوئی سمھوتہ نہیں ہوگا: آرمی چیف
پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ نو مئی 2023 کو پیش آنے والے واقعات کے اصل ذمہ داران کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں اور ان منصوبہ سازوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’وہ عناصر جو اس مجرمانہ عمل کے پس پردہ اصل مقصد کو نہیں سمجھ سکے اور منصوبہ سازوں کے سیاسی عزائم کے لیے چارے کے طور پر استعمال ہوئے، سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر انھیں پہلے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے۔ تاہم اس عمل کے اصل ذمہ داران جو اب خود کو متاثرین کے طور پر پیش کرتے ہیں، اپنے اعمال کے لیے جوابدہ ہوں گے۔ خاص طور پر جب منظم تشدد اور تخریب کاری میں ان کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔‘
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ نو مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ فوج کے صبر کی بھی ایک حد ہے اور اسے کبھی بھی کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نو مئی کے سانحے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملے گی۔
نو مئی کے واقعات میں جو لوگ بے گناہ ہیں اور ان کا کوئی کردار نہیں ہے، انہیں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا۔ لیکن ’وہ لوگ جنہوں نے نو مئی کو ریاست کے خلاف اقدامات اٹھائے اور ملک کے اندر تقسیم کی سیاست کی اور بغاوت کی اور افواج پاکستان کے اندر تقسیم کی قبیح حرکت کی، وہ قانون کے کٹہرے میں آئیں گے اور انہیں قرار واقعی سزا ملے گی‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس وجہ سے بھی ضروری ہے تا کہ آئندہ کوئی اس طرف سوچنے کی جرات بھی نہ کر سکے۔ ایسا سیاہ دن پھر نہیں آئے گا۔