وزیراعظم نے گندم بحران پر ایم ڈی پاسکو سمیت 2 افسران معطل کردیے
گندم خریداری کے عمل میں غفلت برتنے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ایگری کلچرل اسٹوریج اور سروسز کارپوریشن (پاسکو) کے منیجنگ ڈائریکٹر،جنرل مینیجر پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت گندم کی طلب و رسد، خریداری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ حکومت ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔
اس دوران وزیراعظم نے سوال کیا کہ گندم کی خریداری کے عمل کے لئے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نہیں کروائی گئیں؟ گندم خریداری کے عمل میں غفلت برتنے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر وزیراعظم نے پاسکو کے منیجنگ ڈائریکٹر، جنرل مینیجر پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ گندم کی خریداری کا عمل صاف اور شفاف بنانے کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ اس سلسلے میں موبائل فون ایپلی کیشن تیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے پاسکو کے اسٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز اور افسران کا انتخاب کیا جائے گا۔ کسانوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے،حکومت ملک میں غذائی تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔